Live Updates

سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کالعدم قرار؛ عثمان ڈار کا رد عمل بھی سامنے آ گیا

اب سیالکوٹ میں عوام کی عدالت میں خواجہ آصف سے مقابلہ ہو گا، پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی میڈیا سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 جون 2018 11:59

سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کالعدم قرار؛ عثمان ڈار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے تاحیات نا اہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ۔ تاحیات نا اہلی کالعدم ہونے کے تحت خواجہ آصف عام انتخابات 2018ء میں حصہ لے سکیں گے۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چینلج کر رکھا تھا۔

خواجہ آصف کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب خواجہ آصف کو نا اہل قرار دیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ عثمان ڈار مجھے سیالکوٹ میں شکست نہیں دے سکا اس لیے اس نے عدالتوں کا سہارا لیا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ میں عوام کی عدالت میں ہو گا،عدالت عطمی کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف اور مریم نواز کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ وہی سپریم کورٹ ہے جس کے بارے میں آپ تضحیک آمیز باتیں کرتے ہیں۔

لیکن آج عدلیہ نے ان کے وزیر خارجہ کو بحال کر دیا ہے۔عثمان ڈار کے وکیل فیصل چوہدری نے اس موقع پر کہاکہ عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے پر تمام نکات کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد نظر ثانی اپیل کا فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ خواجہ آصفنے تاحیات نا اہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی تھی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت کی جانب سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا،2013 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات