مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے چار نام تجویز کر دئے

ان ناموں کو شہباز شریف نے نواز شریف سے مشاورت کے بعد فائنل کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جون 2018 13:19

مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے چار نام تجویز کر دئے
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے چار نام تجویز کر دئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان ، بیوروکریٹ طارق ڈوگر، سابق سربراہ پاک بحریہ ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائر علی کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے تجویز کیے گئے۔ ذرائع نے بتایاکہ شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ناموں کے سلسلے میں پارٹی قائد  نواز شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں نواز شریف اور شہباز شریف میں ان چار ناموں کو تجویز کرنے پر اتفاق ہوا۔

واضح رہے کہ نگران وزیر اعلٰی پنجاب کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا نگراں وزیراعلیٰ کے نام پریوٹرن کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ  کے لیے نام تجویز کیے تھے جن میں حسن عسکری، اوریامقبول جان، یعقوب اظہار اور ایازمیرکے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آج دیے گئے ناموں میں سے اتفاق ہوجائے گا۔

ایازمیر، حسن عسکری اور یعقوب اظہار کا نام فائنل ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی میں رابطوں کا فقدان ہے۔کوآرڈینیشن میں بہتری آنی چاہئیے ۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ نگراں وزیراعلی کے نام سامنے آرہے ہیں لیکن اس میں اتنی پریشانی والی بات نہیں ہے۔ناصر درانی نے معذرت کرلی،ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا گیا۔نام فائنل کرنا محمودالرشید کا کام ہے لیکن مجھے جوپارٹی لائن دے گی میں توان پربات کروں گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب میں نگران وزیراعلی کے معاملات میں نے دیکھنے ہیں، میں چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطے میں ہوں ۔فواد چوہدری کا کام مرکز میں ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق پی ٹی آئی نے نگران وزیر اعلیٰ کا معاملہ لٹکا دیا ہے اور یہ سب پی ٹی آئی کے آپسی رابطوں کا فقدان ہونے اور پارٹی میں سنجیدگی نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔