چوروں، ڈاکوئوں ،62،63پر پورا نہ اترنے والوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملکی سالمیت، جمہوریت کیخلاف سازش ہے ‘ طاہر القادری

چور اور ڈاکو جس مرضی پارٹی میں چلے جائیں چور اور ڈاکو ہی رہیں گے،گند صاف کئے اور اصلاحات کے بغیر کسی بھی طرح کے اقتدار کو ٹھوکر مارتا ہوں بیشک ہمارے اندازوں کے برعکس تھوڑی تاخیر ہوئی لیکن شریف خاندان اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے انکی چیخیں سننے والی ہوں گی‘ گفتگو

اتوار 3 جون 2018 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ چوروں، ڈاکوئوں اور آئین کے آرٹیکل 62،63پر پورا نہ اترنے والوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملکی سالمیت، جمہوریت اور آئین کے تقدس کیخلاف سازش ہے ،چور اور ڈاکو جتنے مرضی نقاب اوڑھ کر جس مرضی پارٹی میں بھی چلے جائیں وہ چور اور ڈاکو ہی رہیں گے،گند صاف کئے اور اصلاحات کے بغیر کسی بھی طرح کے اقتدار کو ٹھوکر مارتا ہوں ،بیشک ہمارے اندازوں کے برعکس تھوڑی تاخیر ہوئی لیکن شریف خاندان اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے اور ان کی چیخیں سننے والی ہوں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک سے وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے رہنما اور کارکن ان کے استقبال کے لئے موجود تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ بہر صورت حکمران اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے او رجیل ان کا انتظار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ نواز شریف اور دیگر افراد کی گرفتاری ہونے سے مکمل نہیں ہوگا بلکہ شہباز شریف اور ان کا ٹولہ جس نے دن دیہاڑے لاشیں گرائیں خون کے دریا بہائے ان کا بھی محاسبہ دیکھنا ہے ۔

کرپٹ سسٹم نے نواز شریف اور شہباز شریف کو جنم دیا ہے اور انہوں نے مل کر کارروائیاں کرنے ، خیانت ، کرپشن اور لوٹنے کیلئے سسٹم کو تراشا ہے ،یہ کرپشن کا دوسرا نام ہیںاور انہوںنے اسے ہمیشہ تحفظ دینے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کی ایک جج صاحبہ نے فیصلہ دیا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کے پارلیمان کے ناجائز سہارے ،آئین پاکستان کی اہلیت کی تمام شرائط کو نکال کر انتخابات میں حصہ لینے چاہتے ہیں جو آئین کے آرٹیکل 62،63اور آئین کے دیپاچہ کے خلاف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہوںنے 80پیشیاں بھگتی ہیں حالانکہ انہوںنے بطور مجرم ، ڈاکو ، چور ،نا اہل اوربد دیانت ہونے پر 80پیشیاں بھگتی ہیں۔جلد آپ کی جیل کے پیچھے سے چیخیں نکلیں گی اور آپ عبرت کا نشان بنیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جس انتخابی عمل میں چوروں ، ڈاکوئوں ، لٹیروں ،62اور63پر پورا نہ اترنے والوں کو حصہ لینے کی اجازت دی جائے وہ پاکستان کی سالمیت ، جمہوریت اور آئین پاکستان کے تقدس کے خلاف سازش ہے ۔

ہم گند کے صفائی اور نظام کے اصلاح کے ساتھ ہیں ۔ چور ، ڈاکو اور لٹیرے جتنے مرضی نقاب اوڑھ کر جس مرضی پارٹی میں چلے جائیں وہ چور اور ڈاکو ہی رہیں گے اور ایسے لوگوں کو اقتدار میں آنے کا موقع دینا غداری ہو گی ، اب قانون اور اداروں کا بھی امتحان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دوکا نعرہ لگاتے ہیں لیکن وہ بتائیں تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے تیس سال سے پنجاب میں حکمران ہیں انہوںنے ووٹ ،ووٹر اور اپنے اراکین کو کتنی عزت دی ہے ، یہ اپنے وزراء سے دو دو سال ہاتھ نہیں ملاتے ،جب تک ووٹ خریدا جائے گا ووٹر کو عزت نہیں ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات دو ماہ بعد ہوں یا دو سال بعد ہم چاہتے ہیں کہ گند صاف ہو ہم اصلاحات کے ساتھ ہیں اور اس کے بغیر اقتدار کو ٹھوکر مارتا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو صرف اپنا کاروبارعزیز ہے ار اس کیلئے وہ کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہو جائے ان سے اظہار یکجہتی کے لئے دس لوگ بھی باہر نہیں نکلیں گے اور اگر کوئی باہر نکلے تو میر ے سامنے اس کی نشاندہی کر دیں میں معافی مانگ لوں گا۔