اقتدار کی پرامن منتقلی ملک میں جمہوری نظام کو مذید مستحکم بنائے گی،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 4 جون 2018 00:10

اسلام آباد ۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اقتدار کی پرامن منتقلی ملک میں جمہوری نظام کو مذید مستحکم بنائے گی۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذید ملکی سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری نظام کو مضبوط کرنا چاہیئے اور اسے فروغ دینا چاہیئے۔

انہوں نے عام انتخابات کے 25 جولائی کو انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ان انتخابات کے نتائج کو بھی قبول کریں خواہ وہ ان کے حق میں ہوں یا ان کے خلاف۔ رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام قومی اداروں کو مذید باختیار بھی بنایا جانا چاہیئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں عام انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عام انتخابات کا انعقاد شفاف انداز میں بروقت کیا جائے گا۔ انہوں نے نگران سیٹ اپ میں خواتین کو مساوی نمائندگی دینے پر بھی زور دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اب اپنے اوپر دائر مقدمات کے حوالے سے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا ہے۔