چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکورٹی فورسزز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت

پیر 4 جون 2018 00:30

سیالکوٹ۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کے بجوات، چپراڑ، چارواہ، ہرپال، سچیت گڑھ اور باجڑہ گڑھی سیکٹروں میں واقع سیالکوٹ کے سرحدی دیہات پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کی پرزور مذمت کی ہے۔یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی کو کم نہیں کر سکتا۔

پاکستانی قوم بہادر قوم ہے اور عوام کے حوصلے بہت بلند ہیں۔ چئیرپرسن نے بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والوںکے غمزدہ خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ سیالکوٹ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی جارحیت اور معصوم پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کا سخت نوٹس لے۔

(جاری ہے)

حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ بھارت سرحدی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے سویلین آبادیوں کو نشانہ بنا کر معصوم پاکستانی لوگوں کو اپنے جنگی جنون اور درندگی کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفا ع انتہائی مظبوط ہاتھوں میںہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔چیئر پرسن ضلع کونسل سیالکوٹ نے کہا کہ دشمن پاکستان اور پاکستانی بہادر قوم کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دفاع وطن کیلئے پاکستانی مسلح افواج کے شانہ بشانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔