Live Updates

عمران خان اور زرداری سے 2018کے الیکشن میں قوم کی ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی ‘رانا تنویر حسین

انتخابات مسلم لیگ ن ہی جیتے گی ،ثابت کردینگے کہ سازشیں جو مخالف کی ناکامی اور ہماری کامیابی کا باعث بنیں گی‘سابق وفاقی وزیر

پیر 4 جون 2018 16:50

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے نواز شریف کو صرف اس بات کی سزا دی گئی ہے کہ انہوں نے ایٹمی دھماکے کیوں کئے سی پیک موٹرویز کیوں بنائے بجلی کا بحران کیوں ختم کیا پاکستان کو معاشی طور پر اور اقتصادی طور پر مستحکم کیوں کیا ۔سابق سٹی ناظم رانا ریاض خاں کے ڈیرہ پر اپنے بڑے بھائی سابق رکن اسمبلی رانا افضال حسین چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور سٹی پریس کلب کیصدر راناجعفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے انہوں نے کہایہ سچ ہے کئی خفیہ قوتیں اب بھی الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہیں ہمارے ہمسایہ ممالک کی بھی کوشش ہے پاکستان میں الیکشن ملتوی ہوں اور حالات خراب ہوں مگر چیف جسٹس ثاقب نثار نے سب خدشات دور کردئیے ہیں اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ الیکشن 25 جولائی کو ہی ہونگے جوکہ پاکستان کی سیاست کیلئے بہت اچھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا الیکشن 2018 مسلم لیگ ن کا الیکشن ہے ثابت کردیں گے کہ سازشیں اتنی زیادہ کی گئیں جو مخالف کی ناکامی اور ہماری کامیابی کا باعث بنیں گی ۔انہوں نے کہا عمران خان اور زرداری سے 2018 کے الیکشن میں قوم کی ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی قوم ووٹ کی طاقت سے ان لوگوں سے انتقام لے گی جو ترقی کا پہیہ روکنا چاہتی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات