شہبازشریف کی ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت،خاتون اور بچی کی شہادت پر اظہار افسوس

شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور قابل مذمت فعل ہے‘وزیر اعلیٰ پنجاب

پیر 4 جون 2018 20:50

شہبازشریف کی ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت،خاتون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔محمد شہبازشریف نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون اور بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور قابل مذمت فعل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور او رموثر جواب دے رہی ہے اور پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ مودی سرکار خطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔