کوئٹہ، جماعت اسلامی کا سفرنفاذ اسلام اورحق و سچ کا سفر ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

ہم عوام کو بدعنوان عناصر سے نجات دلاکر دیانت دار قیادت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ہم انشاء اللہ عوامی قوت وتائید سے ضرور اپنے نیک مقاصد میں کامیاب ہوں گے، صوبائی امیر جماعت اسلامی

منگل 5 جون 2018 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا سفرنفاذ اسلام اورحق و سچ کا سفر ہے۔ہم عوام کو بدعنوان عناصر سے نجات دلاکر دیانت دار قیادت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ہم انشاء اللہ عوامی قوت وتائید سے ضرور اپنے نیک مقاصد میں کامیاب ہوں گے۔ پاکستان پر70برسوں سے مفاد پرستوں،ٹیکس چوروں اور امریکی غلاموں کی حکومتیں مختلف رنگ وروپ اختیارکرکے برسرقتدار رہی ہیں۔

اب وقت آگیا ہے کہ ان نام نہاد نمائندوں سے نجات حاصل کرکے اس ملک کی باگ ڈور متحدہ مجلس عمل کی محب وطن قیادت کو سونپی جائے۔انہوں نے کہاکہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے۔عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔مہنگائی،بیروزگاری،لاقانونیت عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

یہ ملک بڑی قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہواہے۔اس کی بنیادوں میں پاکیزہ لہو ہے۔کتنی مائوں نے اپنے بیٹے اور کتنی بہنوں نے اپنے بھائی قربان کردیئے۔

لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے گھربار مال مویشی چھوڑدیئے۔آج جس حالت میں وطن عزیز موجود ہے اس کے ذمہ دارکرپٹ اور ظالم حکمران ہیں۔ اب جبکہ انتخابات کامرحلہ بھی آن پہنچاہے۔اس وقت پاکستان کے اندر ازسرنووہ قوتیں منظم ہورہی ہیں جوہمیں اجتماعیت سے محروم کرنا چاہتی ہیں اورمملکت خداد دادپاکستان کو اسلامی انقلاب کی منزل سے دور کرنا چاہتی ہیں۔

ہمیں متحد ہواسلام دشمن قوتوں کامقابلہ کرنا ہے۔ہمیں نہ کرسی کالالچ ہے اور نہ کسی مقام ومرتبے کی خواہش ہے۔اس ملک کے اندر اسلامی نظام کانفاذ ہمارے پیش نظر ہے۔یہی ہماری خواہش ہے اور یہی ہمارامطلوب ومقصودہے۔اللہ نیتوں سے آگا ہ ہے۔ہم انبیاکی سنت پر چل رہے ہیں اس لیے ناکامی کاکوئی خوف نہیں۔انشاء اللہ دونوں جہانوں میں کامیاب ہوں گے۔

آج دشمنوں نے عراق کو تباہ وبرباد کردیا،شام لہولہوہے،لیبیا جیساملک استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔چاروں اطراف سے دشمن ہم پر حملہ آور ہیں۔ان کامقابلہ سیکولریالبرلزکے بس کی بات نہیں،ان کامقابلہ صرف اور صرف اسلام پسند قوتیں ہی کرسکتی ہیں۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیاتھااس میں صرف اورصرف اللہ اوراسکے رسولؐ کانظام ہی چل سکتاہے انتخابات اور جمہوری عمل ہی ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کی پائیدار شاہراہ ہے ۔

ستر سال میں سیاسی جمہوری قیادت ، سول بیوروکریسی اور ریاست کے اہم ترین اداروں کی ناپختگی اور مفادات پر مبنی کمزور اقدامات نے پورے نظام کو درہم برہم کردیاہے ۔ ووٹرز اپنی عزت کے لیے ووٹ اہل ، دیانتدار اور عزت داروں کے حوالے کریں پھر ہی پاکستان خوش حال و مستحکم ہوگا ۔ انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی ہوتا جارہاہے ۔ اس وقت سیاست ، عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت ایک پیج پر ہیں ،اب کوئی بھی دیدہ یا نادیدہ قوت انتخابی عمل کو سبوتاژ نہ کرے وگرنہ بڑی خرابیاں جنم لیں گی ۔

ماضی کی ہر حکومت نے غربت ، بے روزگاری ، بدامنی اور بدعنوانی میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ مہنگائی نے غریب کو زندہ در گور کر دیاہے اور اب وقت آگیاہے کہ سرمایہ دارانہ جاگیردارانہ تسلط کا خاتمہ کیا جائے ۔ مغربی صیہونی اور بھارتی یلغار کا مقابلہ ایم ایم اے ہی کر سکتی ہے۔