میانمار اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے درمیان معاہدہ

بنگلہ دیش سے روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی ممکن ہوسکے گی

بدھ 6 جون 2018 16:33

میانمار اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے درمیان معاہدہ
ینگون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) میانمر اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے ایک معاہدے پر دستخط پر کردیئے ہیں، جس کی رو سے بنگلہ دیش سے روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی ممکن ہوسکے گی۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمر میں سرکاری فوج کے مظالم کے باعث 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں نے جانیں بچاکر بنگلہ دیش میں پناہ لی تھی۔

بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزین ایسے کیمپوں میں رہ رہے ہیں جہاں گنجائش سے کہیں زیادہ لوگ رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو ہونے والے معاہدے کے تحت میانمر نے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں سے وعدہ کیا کہ وہ ایسا سازگار ماحول پیدا کریں گے جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش سے روہنگیا پناہ گزینوں کی رضاکارانہ اور باعزت طور پر واپسی ممکن ہوگی۔میانمر کی فوج پر رخائن کی ریاست میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام،خواتین کی آبروریزی اور شہریوں کے مکانات نذرا?تش کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔

اقوام متحدہ اور امریکا نے گزشتہ سال اگست میں روہنگیا باشندوں کے شروع ہونے والی فوجی کارروائی کو نسل کشی قرار دیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ میانمر اور بنگلہ دیش نے گزشتہ سال نومبر میں روہنگیا پناہ گزینوںکی وطن واپسی پر اتفاق کیا تھا۔