ساہیوال، نوجوان فر مان کے قاتلوں کی گرفتاری میں پولیس کی بے حسی کے خلاف سینکڑوں دیہاتیوں کی احتجاجی ریلی

بدھ 6 جون 2018 20:21

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) نواحی چک 108/9.Lکے ایک نوجوان فر مان کے قاتلوں کی گرفتاری میں پولیس کی بے حسی کے خلاف سینکڑوں دیہاتیوں نے ساہیوال پریس کلب سے احتجاجی ریلی نکالی اور پولیس ڈیرہ رحیم کے رویہ کے خلاف احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ۔مقتول کے باپ یار محمد اور سینکڑوں دیہاتیوں نے ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال کے گیٹ پر احتجاج کر کے دھرنا دیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے یادگار چوک ،جہاز چوک میں ٹریفک جام کی اور نعرے بازی کی مظاہرین نے بڑے بڑے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قاتلوں کو گرفتار کرو تھانہ ڈیرہ رحیم کے ایس ایچ او اور تفتیشی آفیسر کی معطلی کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین کے قائد یار محمد کے مطابق اس کے بیٹے محمد فرمان کو 25 اپریل کو قتل کر دیا تھا۔ قتل کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے با اثر ملزموں کو گرفتار نہیں کیا ۔پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ملزموں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تو مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔