Live Updates

ریحام عمران خان کی کردار کشی کرنا چاہتی ہیں ،فردوس شمیم نقوی

یہ پروپیگنڈہ ناکام ہوگا اور چیئرمین عمران خان قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے، صدر تحریک انصاف کراچی

بدھ 6 جون 2018 20:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ان کی کردار کشی سے الیکشن پر اثر انداز ہونا چاہتی ہیں۔ ان کی کتاب کی اشاعت سے ملک میں فساد پھیلے گا۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں کارکنان و عہدیداران سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کردار کشی چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ ریحام خان کی طرف سے یہ پروپیگنڈہ ناکام ہوگا اور چیئرمین عمران خان قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو اگر واقعی کوئی تحفظات تھے تو انہیں دور کرنے کے لیے بات چیت ہوسکتی تھی اور اگر کوئی شدید مسائل تھے تو ان کے لیے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جاسکتا تھا۔

(جاری ہے)

کتاب کے مواد سے متعلق جو گفتگو اس وقت سوشل میڈیا پر ہور ہی ہے، اس سے یہی لگتا ہے کہ کتاب کا مواد ناشائستہ ہے۔ کسی شریف خاندان کو بلکہ شریف خاندان کے علاوہ کسی کو بھی یہ کتاب نہیں پڑھنی چاہئے۔ کسی بھی کتاب کے مصنف کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ وہ شائستہ اور مہذب اندازِ بیان اختیار کرے۔ الزام تراشی ، بے بنیاد باتیں اور بے سروپا پروپیگنڈے سے ریحام خان کوکچھ حاصل نہیں ہوگا۔

جو لوگ یہ کتاب پڑھیں گے ، انہیں بھی وقت کی بربادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ پاکستان تحریک انصاف اِس وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ملک کے سب سے بڑے سیاستدان ثابت ہوں گے۔ اور مخالفین ریحام خان اور عائشہ گلالئی جیسی خواتین کو ہمارے خلاف میدان میں اتار کر کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات