مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ 5 سالہ مدت کے دوران ملک کے بڑے مسائل کو حل کیا گیا،مفتاح اسماعیل

بدھ 6 جون 2018 21:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گزشتہ 5 سالہ مدت کے دوران ملک کے بڑے مسائل کو حل کیا گیا۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء میں اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کرائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھی ملک بھر میں توانائی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے اور بجلی کو قومی گرڈ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اس سلسلے میں اٹھائے جانے والے موثر اقدامات کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی بحالی کا کریڈٹ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی دانشمندانہ قیادت کو جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ 5 سالوں میں آمدنی کو دگنا کیا جبکہ گردشی قرضے بھی کم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ووٹ کے تقدس کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عوامی جلسوں میں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری جماعت ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔