مشرف کو نواز شریف نے خود ملک سے بھگایا ،اب قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ‘پیپلز پارٹی

احتساب کے نام پر جو انتقام ہم نے بھگتا ہے، نواز شریف تو ابھی اس کے پاس سے بھی نہیں گزرے‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

جمعہ 8 جون 2018 21:09

مشرف کو نواز شریف نے خود ملک سے بھگایا ،اب قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر جو انتقام ہم نے بھگتا ہے، نواز شریف تو ابھی اس کے پاس سے بھی نہیں گزرے،مشرف کو کسی اور نے نہیں خود نواز شریف نے ملک سے بھگایا، پہلے سوالوں کے خود جواب دیں ۔سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے نواز شریف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی ریکارڈ گواہ ہے کہ مشرف کو بھگانے میں نواز حکومت نے سہولتکار کا کردار ادا کیا تھا، نواز شریف پشیمان ہونے کے بجائے ایک بار پھر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دھرنوں میں جمہوریت کی خاطر ساتھ دیا اور نواز شریف نے ڈیل کر کے مشرف کو باہر بھیج دیا، بغاوت، محترمہ شہید اور اکبر بگٹی کے قتل کے ملزم کا نام ای سی ایل سے نواز حکومت نے نکالا تھا، ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ مشرف باہر گیا تو واپس نہیں آئے گا، مت جانے دو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشرف ہو یا کوئی اور سب کیلئے قانون ایک ہے، مشرف کو باہر سے واپس لایا جائے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ احتساب کے نام پر جو انتقام ہم نے بھگتا ہے، نواز شریف تو ابھی اس کے پاس سے بھی نہیں گزرے ۔ مادر جمہوریت کومہ میں تھیں اور احتساب عدالتیں ان کے وارنٹ جاری کرتی تھیں، اسی لئے کہتا ہوں میاں صاحب نے بویا ہے وہ تو ابھی کاٹا نہیں کہ چیخ رہے ہیں، میاں صاحب کی تو وی آئی پی پروٹوکول میں ہونے والے ایئرکنڈیشنڈ احتساب سے ہی چیخیں نکل رہی ہیں، ابھی آپ نے نہ جیل دیکھی نہ پچاس ڈگری میں جیل کے پھاٹک پر ملاقات کا انتظار کرنا پڑا ہے۔