ماہِ صیام میں اسٹریٹ کرائمز کا بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے ،ْ خرم شیر زمان

ہفتہ 9 جون 2018 17:16

ماہِ صیام میں اسٹریٹ کرائمز کا بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے ،ْ خرم شیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ماہِ صیام میں اسٹریٹ کرائمز کا بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے۔ عام دنوں کے مقابلے میں رمضان المبارک میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں زیادہ ہوئیں۔ اس پر پولیس اور رینجرز کو فوری طور پر انسداد کے لیے متحرک ہوجانا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار سابق ایم پی اے نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز عوام کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں۔ کراچی کے شہری اس وقت ماہِ صیام کے روزوں میں مصروف ہیں۔ شہریوں کو لوٹ مار اور ڈکیتیوں سے واسطہ پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے ان کے روزے اور عبادات متاثر ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

دیگر دنوں کے مقابلے میں پولیس اور رینجرز کو ماہِ صیام میں شہریوں کی حفاظت کا زیادہ اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز پر انحصار کرتے ہیں۔ ماہِ صیام میںوارداتیں کرنے والے مجرموں کو پکڑ کر سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔ پی پی کے دورِ حکومت میں سندھ میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں ہوئیں جس کی وجہ سے پولیس میں بدعنوانی بڑھ گئی۔ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو پولیس پر سیاسی دبائو ختم کردے گی۔ پولیس اور رینجرز کے شعبوں میں اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ عوام کی حفاظت کا فریضہ بخیر و خوبی انجام دیا جاسکے۔