پاکستان اللہ تعالی کا بہت بڑا انعام ہے جس کا قیام لیلتہ القدر کی مقدس رات کو ہوااس لئے اسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پاکستانی سیاسی قیادت اہم قومی امور پر اتفاق راے کا اظہار کرے میڈیا سول سوسائٹی ملکی یکجہتی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالے پاکستان کے خراب حالات کا اثر براہ راست تحریک آزادی کشمیر پر پڑتا ہے‘راجہ فاروق حیدر

اتوار 10 جون 2018 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالی کا بہت بڑا انعام ہے جس کا قیام لیلتہ القدر کی مقدس رات کو ہوااس لئے اسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔آج رات پوری قوم شب قدر کی عبادت کے دوران ملک کی ترقی،سا لمیت اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگے۔

یہ پاک وطن طویل جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا اس کی قدر ان سے پوچھیں جو قومیں آزادی سے محروم ہیں۔پاکستان نہ صرف کشمیری عوام بلکہ امت مسلمہ کیلئے ایک مضبوط سہارا ہے۔جس ملک کے بانیان میں عاشق رسول علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح جیسی ہستیاں ہیں اسے کون نقصان پہنچا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سیاسی قیادت اہم قومی امور پر اتفاق راے کا اظہار کرے میڈیا سول سوسائٹی ملکی یکجہتی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالے پاکستان کے خراب حالات کا اثر براہ راست تحریک آزادی کشمیر پر پڑتا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک اسلامی کلینڈر کے مطابق یوم ازادی پاکستان ہے۔ انہوں نے تمام کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ آج رات27ویں شب ہے جسے لیلتہ القدر کے بارکت نام سے یاد کیا جاتا ہے اس لیے رمضان المبارک کی اس نہایت ہی برکتوں اور عظمتوں والی شب کو شب بیداری کریں اور اپنی عبادات اور دعاؤں کے دوران ملک خداداد پاکستان کو یاد رکھیں، اجتماعی اور انفرادی طور پر پاکستان کے استحکام،خوشحالی، سلامتی اور ترقی کے لیے دعائیں مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کی امیدوں کا محور اور مرکز ہے،کشمیریوں کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قدرو قیمت مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام جانتے ہیں جو ہندوستان کے پنجہ استبداد میں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بھارت کی فوج کے خلاف نبرد آزما دنیا کی بہادر فوج پاک فوج کیلیے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی بہترین پروفیشنل صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوای ہے۔اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پیس کیپنگ فورس میں پاکستان کی فوج کے افسران اور جوانوں کی خدمات کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جاتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ملک کیلیے کام کریں ایسے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں جن سے نہ صرف ان کی ذات کو فائدہ حاصل ہو بلکہ اس کا معاشرے کو اجتماعی فائدہ ملے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل پاکستان جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کا پشتبان ہے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے نظریات کی حامل یہ ریاست اسلامی دنیا کیلیے بھی ایک مضبوط سہارا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا گھوما ہوں طرح طرح کے معاشروں اور سماجوں میں گیا ہوں مگر پاکستان جیسا ملک کہیں نہیں ہے اس لئے اپنے ملک کی قدر کریں،اس کے لئے کام کریں اس کی ترقی اور بہبود کیلئے دن رات کام کریں یہی ہماری کامیابی ہے۔