Live Updates

تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی نے پیر کو NA-244کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دئیے

پیر 11 جون 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی نے پیر کو NA-244کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دئیے۔انصاف بزنس فورم کراچی کے صدر محمود مولوی نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی اسی روز حلقہ NA-245 اور NA-255کے لیے جمع کروائے۔ اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مضبوط امیدواروں کو لے کر میدان میں اتر رہی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ کراچی پورے پاکستان میں تبدیلی لانے کے عمل کا آغاز کرے۔ یہاں سے جو تبدیلی کی لہر اُٹھے گی وہ پورے ملک میں جائے گی ۔ پورا ملک اس وقت ن لیگ، پی پی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے اکتا چکا ہے ۔ انہوں نے ملک کو تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور ہمارا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔ ہم پاکستان کی قسمت بدلنے کے لیے میدان میں اُترے ہیں۔

انصاف بزنس فورم کراچی کے صدر محمود مولوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام چیئرمین عمران خان کے ساتھ ہیں اور وہ کسی صورت آزمائے ہوئوں کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے۔ اِس بار چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ہم الیکشن لڑیں گے اور عوام کی حمایت سے جیتیں گے۔ عوام چوروں، ڈاکوئوں اور لٹیروں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف غریبوں، مزدوروں اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم ملک پر قابض فرعونوں کو اقتدار سے بے دخل کرکے ملک پر عوام کی حکومت لائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات