عید گاہوں کے اطراف پانی اور سوکھے چونے کا چھڑکائو کیا جائے، جان محمد بلوچ

پیر 11 جون 2018 20:32

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر میں عید الفطرکے مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے انعقاد کیلئے جامع منصوبہ کے تحت ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ عید الفطر کے انتظامات کے حوالے سے محکمہ جاتی سربراہان سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پراراکین کونسل لالہ وحید الزمان، فیصل بخاری، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈاہری ، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفر ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر میں واقع عید گاہوں میں صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اس کے علاوہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف بھی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید گاہوں سے کچرے اور ملبے کی منتقلی اور عید گاہوں کی زمین کو ہموار کیا جائے تاکہ نماز عید کی ادائیگی احسن بنیادوں پر ممکن ہو سکے ، عید گاہوں کے اطراف پانی اور سوکھے چونے کا چھڑکائو کیا جائے، مرکزی شاہراہوں اور کھیل کے میدانوں بلخصوص عبادت گاہوں کے اطراف واقع کچرا دانوں سے کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگایا جائے۔

#