کراچی، 27 رمضان کو پاکستان کا قیام اللہ کا خاص انعام ہے ،اسداللہ بھٹو

عوام ملک میں حقیقی تبدیلی، اسلامی جمہوری و فلاحی ریاست کے قیام کیلئے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے صادق و امین نمائندوں کو کامیاب بنائیں،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

پیر 11 جون 2018 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و متحدہ مجلس عمل کے این اے 242 پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹو نے کہا کہ 27 رمضان کو پاکستان کا قیام اللہ کا خاص انعام ہے عوام ملک میں حقیقی تبدیلی، اسلامی جمہوری و فلاحی ریاست کے قیام کیلئے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے صادق و امین نمائندوں کو کامیاب بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت کنیز فاطمہ سوسائٹی میں منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ رمضان نزول قرآن، لیلةالقدر ، یوم باب الاسلام، فتح مکہ، یوم بدر جیسی فتوحات کے ساتھ 27 رمضان قیام پاکستان کا مہینہ ہے۔ پاکستان امت کی امیدوں کی کرن ہیںدیانتدار اور اہل قیادت ہی ملک کو ترقی کی طرف گامزن اور امت کے خوابوں کو پورا کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اسلام کلمہ طیبہ اور جس نظریے کی بنیاد پر بنا تھا گذشتہ 70 سال سے بر سر اقتدار آنے والے غیروں کے غلام حکمراں اس کی بنیاد کو کھوکھلا کرنے میں لگے رہے۔ جمعہ کی چھٹی، سودی نظام معیشت ، غیروں کی غلامی اور فحاشی و عریانی کا سیلاب اس کی واضح مثال ہے۔ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام کا خاتمہ ، آزاد و خود مختار خارجہ پالیسی اسلام و نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ یکساںنظام تعلیم دے گی۔