ْسرگودھا،صوبائی حکومت کا انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں جاری ایس او پی پر ناقص عملدرآمد

سرگودھا سمیت نو اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ سے وضاحت اور ڈپٹی کمشنرز سے رپورٹ طلب کر لی

پیر 11 جون 2018 20:36

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) صوبائی حکومت نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں جاری ایس او پی پر ناقص عملدرآمد پر سرگودھا سمیت نو اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ سے وضاحت اور ڈپٹی کمشنرز سے رپورٹ طلب کر لی، صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کریٹیکل مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،ننکانہ صاحب،سیالکوٹ، بہائولپور،قصور، ڈی جی خان میں ڈینگی لاورا کی ممکنہ افزائش کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعلقہ شعبوں پر کسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث جاری کردہ ایس او پیز پر رواں سال کے دوران عملدرآمد کی صورتحال انتہائی مخدوش پائی گئی جس کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے شواہد بھی موصول ہوئے ہیں اور یہ بھی پتا لگا ہے کہ محکمہ صحت اور بلدیاتی اداروں کی ٹیموں نے چیکنگ کے حوالے سے کاغذی کاروائی کر نے کے ساتھ ساتھ سرکاری وسائل کو بے دریغ استعمال کیا، ہزاروں کی تعداد میں ایسے پوائنٹس موجود ہیں جہاں وزٹ کئے بغیر ’’اوکے‘‘ کی رپورٹ کر دی گئی، ایسے مقامات کی تفصیلات ارسال کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر کے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔