حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت مون سون کی متوقع بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اجلاس

متوقع سیلاب سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرکاری مشینری کو تیار رکھا جائے، انیس احمد دستی

پیر 11 جون 2018 21:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انیس احمد دستی نے کہا ہے کہ گزشتہ تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال بھی متوقع بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرکاری مشینری کو تیار رکھا جائے تاکہ کسی بھی قدرتی آفت سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جاسکے اور عوام کے جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مون سون کی متوقع بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور کانٹی جنسی پلان 2018 تشکیل دینے سے متعلق شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد ہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا - اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شکیل ابڑو ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس زاہدہ پروین ، ایم ڈی واسا سلیم الدین ، ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنر ، مختیارکار ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمیت پاک فوج ، رینجرز ، ایچ ایم سی ، کنٹونمنٹ ، پی پی ایچ آئی ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ایجوکیشن و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی - اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انیس احمد دستی نے کانٹی جنسی پلان 2018 کے ابتک کی صورتحال پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن متعلقہ محکموں کی جانب سے ابتک کانٹی جنسی پلان جمع نہیں کروائیں گئے ہیں وہ جلد از جلد اپنے کانٹی جنسی پلان جمع کروائیں کیونکہ موسم کی شدت کو مدنظر میں رکھتے ہوئے صورتحال سے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا- اس موقع پر انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرزکو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں تعلقہ سطح پر بھی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقدکریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثرانتظامات کو یقینی بنایاجائے - انہوں نے اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی نکاسی کے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایاجائے، پمپنگ اسٹیشنوں کومکمل طور پر فعال کیا جائے اور اس ضمن میں تمام تر ضروریات کوپورا کیاجائے جبکہ برساتی نالوں کی صفائی ، کچرے کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات ،شہر میںموجود پرانی اور خستہ ہال عمارتوں کی نشاندہی کرنے اور بل بورڈز ہٹانے کے کاموں کو بھی یقینی بنایاجائے - انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کانٹی جنسی پلان کے تحت تمام ہسپتالوں میںضروری ادویات کی فراہمی اور طبی کیمپس کے علاوہ دیگر امدادی سامان کی کمی کو بھی بھرپورطریقے سے پورا کیاجائے جبکہ کچے کے علاقے کے مال مویشیوں کیلئے بیماریوں سے بچائو کی ویکسین و دیگرمطلوبہ ضروریات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایاجائے -