فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا

آپ کے کاغذات کی اسکروٹنی عید کے بعد مکمل کی جائیگی ،ْ کاغذات کی تصدیق کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا ،ْ ریٹرننگ افسر کا مکالمہ

جمعرات 14 جون 2018 14:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کاغذات نامزدگی فارم کی اسکروٹنی کیلئے ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے تاہم ان کے کاغذات کی اسکروٹنی مکمل نہ ہوسکی۔ریٹرننگ افسر نے فاروق ستار کو بتایا کہ ان کے کاغذات کی اسکروٹنی عید کے بعد مکمل کی جائیگی ،ْ کاغذات کی تصدیق کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن ہمارے مسئلے کا حل نہیں اس سے ہم چوتھی بڑی جماعت بن کر سامنے آجاتے ہیں تاہم عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے، اس لیے ہم ایسی بات کریں جس کی آئین میں گنجائش ہو، آئینی اصلاحات کی بات کریں اور انتظامی بنیادوں پر صوبے بنانے کی بات کریں، سندھ میں بھی بشمول جنوبی سندھ نئے صوبے بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اب بھی سرکاری وسائل اور افسران کو استعمال کررہی ہے، الیکشن سے قبل دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے ،ْپری پول ریگنگ ہورہی ہے اور ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ایم کیوایم رہنما کے مطابق اس بار پر ایک مثالی مردم شماری ہونا تھی جس کے نہ ہونے سے سب سے زیادہ نقصان کراچی اور سندھ کے شہریوں کا ہے، یہاں لوگوں میں بے چینی اور غصہ ہے، ہم نے انہیں صبر کی تلقین کی ہوئی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں آبادی کم دکھائی گئی ہے، عوام کو حق نمائندگی سے محروم کیا جارہا ہے، آئینی اور انتظامی اصلاحات نہیں کی گئیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ ہم ایم کیوایم پاکستان کے کارکن، ممبر اور رکن ہیں ،ْ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود سمجھتا ہوں کہ سندھ میں ایم کیوایم کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔