سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کونیب کراچی نے طلب کرلیا

مفتاح پر5قیمتی گیس فیلڈز کے ٹھیکے جے جے وی ایل کودینے کا الزا م ہے، نیب کراچی نے مفتاح اسماعیل کو20جون کوپیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 جون 2018 15:56

سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کونیب کراچی نے طلب کرلیا
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جون 2018ء) : سابق وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کونیب کراچی نے طلب کرلیا ہے،نیب کراچی نے مفتاح اسماعیل کو20جون کوپیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا ہے،مفتاح پر5قیمتی گیس فیلڈز کے ٹھیکے جے جے وی ایل کودینے کا الزا م ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اور متعدد رہنماؤں کے بعد سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بھی نیب کے گھیرے میں آگئے ہیں۔

نیب کراچی نے مفتاح اسماعیل کوطلبی کا نوٹس بھیج دیا ہے۔مفتاح اسماعیل کو20جون کوپیش ہونے کیلئے نوٹس بھیجا گیا ہے۔مفتاح اسماعیل پرالزام ہے کہ جے جے وی ایل کو ایس ایس جی سی نے ٹھیکے دیے۔مفتاح اسماعیل نے ٹھیکے دینے کی منظوری بورڈآف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی تھی۔وزیرخزانہ کی ہدایت پر5قیمتی گیس فیلڈز کے ٹھیکے جے جے وی ایل کودیے گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے اس سے قبل سپریم کورٹ کے احکامات پرپاناما کیس میں نیب میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کیخلاف مختلف ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔ جن کی تحقیقات اور احتساب عدالت میں کیس آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔اسی طرح نیب لاہور نے بھی نوازشریف کوجاتی امراء کی سڑک چوڑی کرنے کے الزام میں طلب کررکھا ہے۔دوسری جانب چیئرمین نیب کی ہدایت پرنیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو ملتاں میٹروبس اور صاف پانی پراجیکٹس میں طلب کیا اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہبازاور شہبازشریف کے داما د عمران علی کو بھی طلب کرکے ان سے صاف پانی کیس میں انکوائری کی۔اسی طرح نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی گرفتار کررکھا ہے اور ان سے بھی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کوبھی ہاؤسنگ سوسائٹی پراجیکٹ میں خردبرد کرنے پرطلب کررکھا ہے۔اسی طرح نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوبھی طلبی کا نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو بھی کرپشن کیسز میں نوٹسز جاری کیے ۔تاہم وہ ابھی تک پیش نہیں ہوئے۔