فیصل آباد ، تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پرریلوے ملازمین بطور احتجاج عید نہیں منائیں گے

لیگی حکومت نے جاتے جاتے لاکھوں سرکاری ملازمین کے زخموں پر نمک چھڑکاہے،ریلوے ملازمین

جمعرات 14 جون 2018 17:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ ہونے پریلوے ملازمین نے بطور احتجاج عید نہیں منائیں گے، اپنی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کروانے والے ارکان اسمبلی کوغریب ملازمین کی حالت زار پر رحم نہیں آیا جس کا خمیازہ انہیں آئندہ الیکشن میں بھگتنا پڑے گا،ملک بھر کے مزدور اور سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ نہ کروا سکنے والے ان ارکان اسمبلی کو الیکشن میںان کی اوقات یاد دلادیں گے،لیگی حکومت نے جاتے جاتے لاکھوں سرکاری ملازمین کے زخموں پر نمک چھڑکاہے،انہیں پیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہئے تھا۔

آن لائن کے مطابق پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سنیئر نائب صدر خالد محمود چوہدری کا مزیدکہنا کہ کہ غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں،دن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد ایڈہاک اضافہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

پر یم یونین عید کے بعد اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں احتجاجی تحریک چلائے گی، کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہو گا، کسی کو بھی عوامی سرمائے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے ، دس فیصد اضافہ کسی طور پر منظور نہیں ،ملازمین کو ان کا حق دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو توقع تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ ہو گا مگر ن لیگ نے بھی جاتے جاتے اپنے سارے وعدے فراموش کر دیئے ہیں اور ملازمین کی توقعات کو یکدم خاک میں ملادیا ہے جس کا خمیازہ اسے آئندہ الیکشن میں بھگتناپڑے گا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میںسیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔