سیاسی جماعتیں،علماء کرام ،سول سوسائٹی صاف شفاف الیکشن کے انعقاد میں حکومتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور تعاون کریں، صوبائی وزیراطلاعات ملک خرم شہزاد

جمعہ 22 جون 2018 07:10

کوئٹہ۔21جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ نگراں صوبائی حکومت کے کندھوں پر بروقت الیکشن سمیت دیگر اہم امور کو احسن طریقے سے نبھانے کی ذمہ داری ڈالی گئی ہے‘ وزیراعلیٰ علاؤالدین مری اپنی ٹیم کے ساتھ شب و روز محنت کرتے ہوئے جمہوری عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر بلوچستان کے عوام کے سامنے سرخرو ہونگے ۔

انہوںنے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک ہے لیکن حکومتی سطح پر کئے جا نے والے اقدامات اسی وقت بار آور ثابت ہوسکتے ہیں جب عوامی سطح پر ان اقدامات کی نہ صرف پذیرائی ہو بلکہ عوامی حلقوں کی شمولیت سے ہم مقررہ اہداف حاصل کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں ، قبائلی عمائدین علما کرام ، سول سوسائٹی و دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صاف شفاف الیکشن کے انعقاد میں حکومتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور تعاون کریں تاکہ پر امن اور خوشگوار الیکشن کے ذریعے منتخب ہونے والی عوامی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کے عوام کے جائز حقوق کیلئے جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے تعلیم یافتہ ، پر امن اور خوشحال بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے میں اپنا کردار ادا کرسکے۔