کوہاٹ انڈس ہائی وے پر منشیات سے بھری گاڑی پکڑ ی گئی، خاتون سمیت 2بین الصوبائی سمگلرگرفتار

جمعہ 22 جون 2018 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر منشیات سے بھری گاڑی پکڑ کر خاتون سمیت دو بین الصوبائی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔زیر حراست ملزمان کا تعلق چارسدہ اور باجوڑ سے ہے جبکہ پکڑی گئی لاکھوں مالیت کی افیون موٹر کار کے ذریعے پشاور سے پنجاب سمگل کی جارہی تھی۔منشیات کی بھاری کھیپ سمیت حراست میں لئے گئے دونوں سمگلروں کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

کوہاٹ میںانسداد منشیات کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کے دوران پے درپے کاروائیوں کے نتیجے میں پولیس کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیںاور اس سلسلے میں پولیس کو عوام کی بھر پور حمایت بھی حاصل رہی ہے ۔مربوط حکمت عملی کے تحت جاری اس انسدادی مہم کے سلسلے میں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت منشیات سمگلر نیٹ ورک کے ارکان افیون کی بھاری کھیپ کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس اطلاع کی تصدیق کے بعد ضلعی پولیس کو مزید متحرک کرتے ہوئے چیکنگ کا عمل سخت کردیا گیا جسکے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر محمد علی نے ہیڈ کانسٹیبل رفیع اللہ اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں پشاور سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر LED-4306کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 12کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی افیون برآمد کرکے موٹر کار میں سوار خاتون سمیت منشیات کے دو بین الصوبائی سمگلروں مسماة لیلیٰ زوجہ غفار خان سکنہ چارسدہ اور کلیم اللہ ولد عبدلمالک سکنہ نواگئی باجوڑ حال پشاور کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس نے منشیات سمیت حراست میں لئے گئے دونوں سمگلروں کو فور ی طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں انکے خلاف افیون کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور بعد ازاں خاتون سمگلر کو جیل منتقل کرکے اسکے ساتھی سمگل کو جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پکڑی گئی افیون کی مالیت لاکھوں روپے ہے جو پشاور سے پنجاب منتقل کی جارہی تھی جبکہ زیر حراست ملزمان نے بھی ابتدائی پوچھ گچھ میں اس بات کا اعتراف کرلیا ہے۔