پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوںنے کراچی کو لوٹا اور برباد کیا ہے ،محمد اسلام

مجلس عمل کامیابی کے بعد مضافاتی بستیوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائے گی،انتخابی اجتماع کارکنان سے خطاب

جمعہ 22 جون 2018 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و متحدہ مجلس عمل این اے 238 کے قومی اسمبلی کے امیدوار محمد اسلام نے کہا ہے کہ عوام پانی بجلی گیس سے محروم ہیں ،مضافاتی بستیاں گندگی اور کچرے کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں ۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے دونوں ہاتھوں سے کراچی کو لوٹا اور برباد کیا ہے ۔مجلس عمل کامیابی کے بعد مضافاتی بستیوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائے گی اور ہم میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو نوکریا ں فراہم کرینگے ،دینی جماعتوں کا اتحاد پاکستان حقیقی معنوں میں تبدیلی لائے گا،سیکولر اور لادینی قوتوں پر مجلس عمل نے لرزاں طاری کردیا ہے،عوام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کوپہچان چکے ہیں،25 جولائی کومتحدہ مجلس عمل لادینی قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکے گی،علماء کا اتحاد ہی کامیابی حاصل کرے گا،کارکنان پوری قوت کے ساتھ مجلس عمل کا پیغام گھر گھر لے کر جائیں،کتاب پر مہر لگا نے سے ہی عوام کے مسائل حل ہو ں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہا رانہوں نے بسم اللہ مسجد لانڈھی بلال کالونی میں این اے 238 کے تحت انتخابی اجتماع کارکنان سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم امیدوار این اے 240 عبدالجمیل خان ، سیکریٹری مرزا فرحان بیگ،امیر زون لانڈھی شرقی زون مسعود اختر نے بھی خطاب کیا۔محمد اسلام نے کہا کہ 25 جولائی کے انتخابات اسلام پسند اور لادینی قوتوں کے درمیان ہیں ،پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے ملک کے عوام اسلام کے سوا اس ملک میں کوئی اور نظام نہیں چلنے دینگے،لسانی اور فرقہ وارانہ سیاست نے پاکستان کو ناقابل برداشت نقصان پہنچایا ہے،قوم اب ان بہروپیوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں،ہم اس ملک میںاسلام کا عادلانہ نظام قائم کر کے مدینے جیسی بستی بسائیں گے۔

عبدالجمیل خان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا قیام اللہ کا انعام ہے ۔کارکنان گھر گھر جا کر مجلس عمل کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔این اے 238 دین سے محبت کرنے والو ںکا علاقہ ہے ۔انشاء اللہ علماء کی طاقت کے ذریعے ہم 25 جولائی کے انتخابات اکثریت سے جیتیں گے،کارکنان کسی بھی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑیں،اللہ تعالی ہمیں ضرور انعام و اکرام سے نوازے گا،ہم نے اس شہر کے لوگوں کی خدمات کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے باصلاحیت لوگوں کو میدان میں اتارا ہے ،مجلس عمل پورے ملک میں تبدیلی لائے گی۔ مسعود اختر نے کہا کہ عوام دینی جماعتوں سے عشق اور محبت کرتے ہیں۔مجلس عمل کا عوام نے فقیدالمثال اور والہانہ پرتپاک استقبال کیا ہے اور ہمیں اس بات کا مکمل یقین ہے کہ مجلس عمل بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔