غیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری زخمی ،سفارتخانے کا عملہ دوسری گاڑی میں بیٹھ کر روانہ

پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر ڈرائیور اور سکیورٹی آفیسر کو حراست میں لے لیا،تحقیقات جاری ہیں‘ ایس پی سول لائنز

ہفتہ 23 جون 2018 17:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جین مندر کے قریب غیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے ڈرائیور اور سکیورٹی آفیسر کو حراست میں لے لیا جبکہ سفارتی عملہ دوسرے گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ مزنگ کے علاقہ جین مندر کے قریب اسلا م آباد نمبر کی غیر ملکی سفارتخانے کی سیاہ رنگ کی تیز رفتار لینڈ کروزر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس سے شہری محمد نعمان شدید زخمی ہو گیا ۔ موقع پر موجود ٹریفک وارڈنز نے گاڑی کو فوری روک لیا اور مقامی پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا ۔ گاڑی میں سوار ڈرائیور ندیم کے مطابق گاڑی جاپانی سفارتخانے کی ہے اور اس میں عملہ بھی سوار ہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران عملے کے افراد نے سفارتخانے سے رابطہ کیا اوردوسری گاڑی منگوا کر اس میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے ۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر چیف سیکرٹری آفیسر اور ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے شہری کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔