خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی الیکشن میں حصہ لے سکیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 جون 2018 11:17

خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2018ء) : پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان ، مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن ٹریبونلز نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، (ن) لیگی اُمیدوار خواجہ آصف اور پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سید شہباز رضوی پر مشتمل ایپلٹ ٹریبونل نےخواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ ایپلٹ ٹریبونل نے سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 سے (ن) لیگی اُمیدوار خواجہ آصف کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی ہے۔

(جاری ہے)

ٹریبونل نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد گذشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

فیصلے میں ن لیگی اُمیدوار خواجہ آصف کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ۔ یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 73 سیالکوٹ ٹو پر خواجہ آصف کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار عثمان ڈار سے ہوگا۔ ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے تحریک انصاف کی اُمیدوار فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف بھی اپیل مسترد کردی۔

جسٹس سید شہباز رضوی نے این اے 72 سیالکوٹ ون سے ووٹر زید لطیف کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے پی ٹی آئی اُمیدوار فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی قانون کے مطابق منظور کیے۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ فردوس عاشق اعوان نے کاغذات نامزدگی میں شادی اور بچوں کاخانہ پُر نہیں کیا اس لیے ان کے نامزدگی فارم مسترد کیے جائیں۔ لیکن لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے تحریک انصاف کی اُمیدوار فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف بھی اپیل مسترد کردی جس کے بعد انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔