افغانستان میں رواں ماہ کے آ غاز میں ہونے میں ہونے والی جنگ بندی جیسی پیش رفت سے سنجیدگی سے فائدہ اٹھانا چاہیئے

پاکستان اپنے حصہ کے طور پر قابل اعتمادامن عمل کے آغاز کی کوششوں میں ہر ممکن حدتک مدد دے گا ْ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

بدھ 27 جون 2018 12:55

افغانستان میں رواں ماہ کے آ غاز میں ہونے میں ہونے والی جنگ بندی جیسی ..
نیو یارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے افغانستان کے تمام فریقین اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں مصالحت کے سلسلہ میں حالیہ اقدامات سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں تاکہ اس جنگ زدہ ملک میں پائیدار امن کو فروغ دینے میں مدد ملے اور پاکستان اس تمام عمل میں مدد کرے گا ۔

انہوں نے عالمی ادارہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل کو بتایا کہ افغانستان میں امن کے قیام کی تمام ذمہ داری کا بوجھ افغانستان میں برسر پیکاران تمام فریقین پر ہے جو کہ افغان تنازعہ میں براہ راست ملوث ہیں جبکہ پاکستان اپنے حصہ کے طور پر قابل اعتمادامن عمل کے آغاز کی کوششوں میں ہر ممکن حدتک مدد دے گا ۔

(جاری ہے)

افغانستان کی صورت حال کے بارے میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر افغانستان میں کئی سالوں تک خونی جنگ لڑنے والوں کے ساتھ مصالحت کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔

طالبان کی طرف سے جامع جنگ بندی کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ طالبان کی قیادت کو نقل وحرکت پر کنٹرول حاصل ہے اور وہ سیاسی تنازعہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اہل ہے ۔پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ ہم سب بھی اس مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت اور مطالبہ کرتے رہے ہیں اور اس تنازعہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آ غاز میں ہونے میں ہونے والی جنگ بندی جیسی حالیہ پیش رفت سے سنجیدگی سے فائدہ اٹھانا چاہیئے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام اور مسئلہ کا سیاسی حل نکالنے کے لئے پائیدار کوششیں کی جانی چاہیئیں ۔

افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے نمائندہ اور اقوام متحدہ کے معاون کمیشن کے سربراہ تدامیچی یمامٹو نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے شرکاء سفیروں کو افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے امن واستحکام کے لئے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورمز سمیت ماسکو فارمیٹ میں شرکت کی ہے جس سے پاکستان کی افغانستان کے امن عمل کے لئے عزم کا اظہار ہوتا ہے ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں افغانستان کے تمام فریقین اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں مصالحت کے سلسلہ میں حالیہ اقدامات سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں تاکہ اس جنگ زدہ ملک میں پائیدار امن وستحکام کو فروغ دینے میں مدد مل سکے ۔ افغانستان میں صورت حال کے بارے میں ہونے والی اس بحث میں اقوام متحدہ میں افغانستان اور بھارت کے سفارتی نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔