علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے غیر رسمی و فاصلاتی نظام تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کے لئے 6 ماہ دورانیہ کا ٹیچرز ٹریننگ پروگرام تیار کر لیا ، داخلوں کا آغاز سمسٹر خزاں 2018ء سے کیا جائے گا،ڈاکٹر محمد اجمل

بدھ 27 جون 2018 18:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے غیر رسمی و فاصلاتی نظام تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کی تربیت کیلئے ایک سمسٹر پر مشتمل 6 ماہ دورانیہ کا ٹیچرز ٹریننگ پروگرام تیار کر لیا ہے جس میں داخلوں کا آغاز سمسٹر خزاں 2018ء سے کیا جائے گا۔ شعبہ فاصلاتی و غیر رسمی تعلیم کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اجمل کے مطابق غیر رسمی تعلیمی اداروں کو تربیت یافتہ اساتذہ فراہم کرنا ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خواہش تھی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کی واضح ہدایات اور ان کی خواہش پر اس شعبہ نے فاصلاتی نظام تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کی تربیت کیلئے یہ نیا تربیتی پروگرام تیار کیا ہے۔ اس تربیتی پروگرام کو یونیسکو، جائیکا اور وفاقی وزارت تعلیم کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا نصاب وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے تیار کیا ہے۔ بلوچستان اور دیہی سندھ کی خواتین خصوصی طور پر اس تربیتی پروگرام سے مستفید ہو سکیں گی کیونکہ ان کو فیس میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ شعبہ فاصلاتی و غیر رسمی تعلیم نے یونیورسٹی کے ان پڑھ ملازمین کو لکھنا پڑھنا سکھانے اور انہیں لٹریٹ بنانے کیلئے ایڈلٹ لٹریسی سینٹر بھی بنایا ہے اور اس اقدام کو یونیسکو نے شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔