عوا م متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں، ہم پاکستان کو اسلامی ، فلاحی ، مستحکم اور خوشحال پاکستان بنائیں گے ‘ لیاقت بلوچ

ملک قرضوں اور سود کی لعنت میں ڈبو دیا گیاہے ، عالمی مالیاتی اداروں کے اسیر ہونے کی وجہ سے قومی سلامتی کے لیے خطرات شدید تر ہو رہے ہیں‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 27 جون 2018 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور امیدوار قومی اسمبلی این اے 130 لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب میں جامع مسجد کوٹھے پنڈ ، فیصل ٹائون ، گارڈن ٹائون ، جیون ہانہ کے نمازیوں ، کارنر میٹنگز،ڈور ٹو ڈور ملاقاتوں اور سیکٹر گارڈن ٹائون میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتوں کی نااہلی ، ناکامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے مالی ، اخلاقی اور سیاسی کرپشن عروج پر ہے ۔

انتخابات میں حصہ لینے والے دونوں دھڑے عملاً ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ان میں وژن اور دم خم نہیں کہ اسٹیٹس کو توڑ سکیں اور عوام کو فلاحی نظام دے سکیں ۔ عوا م متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں، ہم پاکستان کو اسلامی ، فلاحی ، مستحکم اور خوشحال پاکستان بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک قرضوں اور سود کی لعنت میں ڈبو دیا گیاہے ۔

عالمی مالیاتی اداروں کے اسیر ہونے کی وجہ سے قومی سلامتی کے لیے خطرات شدید تر ہو رہے ہیں ۔ سیاست اور ریاست کا تصادم بڑا خطرناک ہے ۔ کرپٹ مافیا نہیں چاہتاکہ ان کا محاسبہ ہو ۔ علما ء ، دینی قوتوں ، نظام مصطفیٰؐ کے شیدائی ووٹرز کو متحد و متحرک کیا جائے ۔ تمام دینی قوتیں نظام مصطفیٰؐ کے قیام کے لیے متحد ہو جائیں ۔ متحدہ مجلس عمل محب دین اور محب وطن اکثریت و اقلیت کو متحد کرے گی ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل اور مرکزی پارلیمانی بورڈ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواران کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ٹکٹ جاری کردیے گئے ہیں ۔ چند ایک نشستوں پر اختلاف رائے موجود ہے ، ان شاء اللہ ایم ایم اے کی صوبائی قیادت خوش اسلوبی سے حل تلاش کرے گی ۔ پروگراموں سے احمد سلمان بلوچ ، عامر نثارخان ، مولانا مختار احمدسواتی ، عمر یونس ، شاہد اسلم ملک اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔