پانامہ رانی 125 سے فرار کے بعد این اے 127میں بھی عوام کا سامنا کرنے سے کترا رہی ہیں‘ مسرت چیمہ

جمعہ 29 جون 2018 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 25جولائی کا سورج ملک کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے اپنے ساتھ لے کر غروب ہو جائے گا ، (ن) لیگ کئی دہائیوں سے پنجاب پر قابض ہے لیکن انہیں عوام کی بھلائی کے منصوبے شروع کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ،عوام صاف پانی ، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات مانگتے رہے جبکہ شعبدہ باز حکمران اپنی اناء کی تسکین کے منصوبے مکمل کرتے رہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف یونین کونسلوں میں ڈور ٹو ڈور مہم اور پارٹی کی خواتین رہنمائوں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلقے میں انتخابی مہم سمیت پولنگ ڈے پر ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ 25جولائی کو عوام نے اپنے مستقبل کوووٹ دینا ہے اور اب ان کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لے رہے ہیں لیکن آج بھی کہتے ہیں کہ حکومت میں آئیں گے تو عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کریں گے ۔ با شعور قوم اب ان کے جھانسے میں نہیں آئے گی بلکہ ان سے پائی پائی کا حساب لے گی ۔ انہوںنے کہا کہ جھوٹے وعدوں کی وجہ سے (ن) لیگ کے امیدواروں کو اپنے حلقوں میں عوام کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے ۔پانامہ رانی این اے 125سے راہ فرار کے بعد این اے 127میں بھی عوام کا سامنا کرنے سے کترا رہی ہیں۔انشا اللہ 25جولائی کو عوام بلے کے نشان پر مہر لگاکر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے ۔