بالی وڈ نے ایک اور پاکستانی گانا چوری کر لیا

بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم "ریس3" کا گانا " ہیریئیے" پاکستانی گلوکار فلک شبیر کے گانے "نینا دا نشہ " کی نقل ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 29 جون 2018 16:21

بالی وڈ نے ایک اور پاکستانی گانا چوری کر لیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2018ء) بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم "ریس3" کے گانوں کو بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔تاہم "ریس3" کے ایک گانے " ہیریئیے" کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ایک پاکستانی گانے کی نقل ہے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ "ریس3" کے گانے " ہیریئیے" پاکستانی گلوکار فلک شبیر کے گانے " نینا دا نشہ" سے نقل کیا گیا ہے۔اور گانے " ہیریئیے" میں فلک شبیر کے گانے "نینا دا نشہ" گانے کے بول نقل کیے گئے ہیں جب کہ میوزک بھی نقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بھی اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سلمان خان کی نئی فلم کا مقبول ہونے والا گانا دراصل پاکستانی گلوکار فلک شبیر کے گانے کی ایک نقل ہے۔ فلک شبیر نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شئیر کی ہے "کہ میڈیا میرا مطلب ہے کہ پاکستانی میڈیا کہاں ہے"؟۔

(جاری ہے)

فلک شبیر نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ اس ایشو پر بھارتی میڈیا تو آواز اٹھا رہا ہے تاہم پاکستانی میڈیا نے اس متعلق کوئی خبر نہیں چلائی۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ریس 3 کے ہدایت کار کو کم از کم اپنی فلم کے اس گانے میں فلک شبیر کو کریڈٹ تو دینا چاہئیے تھا۔بالی وڈ اس سے پہلے بھی کئی پاکستانی گانوں کے بول اور میوزک چرا چکی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں دھوم مچادینے والا آئٹم سونگ منی بدنام ہوئی دراصل پاکستانی گانے لڑکا بدنام ہوا حسینہ تیرے لیے کی نقل ہے جو فلم مسٹر چارلی سے لیا گیا ہے اور اسے عمر شریف پر پکچرائز کیا گیا۔

اس کے علاوہ 1995میں مادھوری پر آزمایا گیا گانا میرا پیا گھر آیا بھی نصرت فتح علی کی قوالی میرا پیا گھر آیا سے لیا گیا ہے جو اس فلم سے 2 سال قبل ریلیز ہوا۔ بالی وڈ نے اس کے علاوہ بھی پاکستان کے کئی گانوں کو چرایا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’’ریس ۔3‘‘ کے گاناے’’ہیریئے‘‘ کو صرف کمرشل میوزک سٹریمنگ سروس گانا پر پانچ روز میں3 ملین سے زائد افراد نے دیکھا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان اور جیکولین فرنینڈس کی فلم ’’ریس تھری‘‘ کا گانا’’ہیریئے‘‘ حال ہی میں ریلیز کیا گیا جسے صرف کمرشل میوزک سٹریمنگ سروس گانا پر پانچ روز میں 3ملین سے زائد افراد نے دیکھا، گانا جیکولین فرنینڈس اور سلمان خان پر فلمایا گیا۔ فلم کے ہدایتکار ریمو ڈی سوزا ہیں۔ فلم15جون کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔