جہلم، سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سعید اقبال کا پی پی 26سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا اعلان

مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کی طرف سے الیکشن لڑنے پر عوام نے خوشی کااظہار کیا ہے،

جمعہ 29 جون 2018 21:59

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2018ء) مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کی طرف سے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سعید اقبال کا پی پی 26سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا اعلان،جس پر عوام نے خوشی کااظہار کیا ہے،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک اجلاس میں جس میں وائس چیئرمین بلدیہ چوہدری مقبول حسین،مسلم لیگ ن کے جیالے سٹی صدر شاہد رسول ڈار،خواجہ ناصر ڈار،کونسلرز بلدیہ راجہ ظفراقبال،تبسم شاہین ڈار،عامر سلیم میر،منشی طالب حسین،راجہ عنصر ،اسلام کھوکھر،قاضی طارق کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی،جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ چوہدری سعید اقبال آزاد حیثیت سے حلقہ پی پی 26سے انتخابات میں حصہ لیںگے،اس ضمن میں جہلم شہر کے بہت سے کونسلرز نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے ان سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں جبکہ جہلم کے معزز تاجر بھی میدان عمل میں ہیں،باوثوق ذرائع کے مطابق ایک امیدوار این اے 66نے بھی اندرون خانہ حمایت کرنے کا اس شرط پر وعدہ کیا ہے کہ وہ انہیں سپورٹ کریں جبکہ وہ اور ان کی جماعت کے لوگ ان کی سپورٹ کریںگے یاد رہے کہ حلقہ پی پی 26سے اس وقت مسلم لیگ ن کی طرف سے گجر برادری کے چوہدری لال حسین،پی ٹی آئی کی طرف سے چوہدری ظفراقبال اور بحیثیت آزاد امیدوار چوہدری سعید اقبال انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں چند دنوں میں معلوم ہوگا کہ جہلم کے اس حلقہ کی سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا کیونکہ حلقہ پی پی 26کے تمام دیہی علاقوں میں گجر برادری زیادہ تعداد میں موجود ہے جبکہ اگر ان کے ووٹ تقسیم ہوئے تو اس الیکشن جیتنے کا تمام انحصار جہلم شہر کے ووٹوں پر ہوگا،جبکہ جہلم شہر میں ووٹروں کا یہ عالم ہے کہ وہ اپنے آپ کو کسی طرف بھی ظاہر نہیں کررہے۔