عوامی نیشنل پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کی پالیسی تبدیل کرلی

کراچی کے امن اورحقوق کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، سینیٹر شاہید

جمعہ 29 جون 2018 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کی پالیسی تبدیل کرلی۔ اے این پی سندھ کے صدر وسینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی کے امن اورحقوق کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں ۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر NA-250سے قومی اسمبلی کے امیدوارشاہی سید نے کہا کہ اے این پی نے متحدہ قومی موومنٹ سے انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کی پالیسی گذشتہ انتخابات میں بنائی تھی اب حالات بھی تبدیل ہوگئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم بھی تبدیل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان اوراے این پی میں کراچی میں انتخابی تعاون اورسیٹ ایڈجسٹمنٹ پررابطے ہوئے ہیں مشاورت ہورہی ہے۔ کرا چی کے مفاد میں اورکراچی کے امن کے لیے اے این پی ایم کیو ایم پاکستان سمیت کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے لیے تیارہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی حقیقت سے پہلے کبھی انکارتھا نہ اب ہے بعض پالیسیوں سے اختلافات کے بعد ایم کیو ایم سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگراب ایم کیو ایم والے بھی ہماری افطارپارٹی میں آئے تھے اورہم نے بھی ان کے افطاڈنرمیں شرکت کی تھی جوسیاسی تعاون کی طرف پہلا قدم ہے ۔