سرگودھا یونیورسٹی چین کی بیلٹ اینڈ روڈ ایگری ایجوکیشن لیگ کی رکن بن گئی

ہفتہ 30 جون 2018 16:55

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) سرگودھا یونیورسٹی چین کی بیلٹ اینڈ روڈ ایگری ایجوکیشن لیگ کی رکن بن گئی۔سرگودھا یونیورسٹی پاکستانی پبلک سیکٹر کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے جس نے چائنا کی بی اینڈ آر/ساوتھ۔ ساوتھ کوآپریشن ایگریکلچرل ایجوکیشن،سائنس و ٹیکنالوجی انوویشن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ممبر شپ سرٹیفیکیٹ گزشتہ روز چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی بیجنگ میں منعقدہ تقریب کے دوران وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمد کے حوالے کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈین آف ایگریکلر ڈاکٹر محمد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔دو روزہ تقریبات میں مختلف ممالک کے وائس چانسلرز،صدور اور یو نیورسٹی حکام پر مشتمل 70 نمائندوں نے شرکت کی۔چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سن قیزن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ ساتھ واقع ستر ممالک کے مابین زرعی تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے چینی وزارت تجارت،زراعت اور رورل افیئرز و زرعی ریسرچ کے اعلی حکام نے بھی خطاب کیا۔ چینی اعلی حکام نے کہا کہ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی سرمایہ کاری میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔