این اے 66 جہلم، سپریم کورٹ نے ن لیگ کے بلال اظہر کیانی کو انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی

بلال اظہر کیانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا

پیر 2 جولائی 2018 12:09

این اے 66 جہلم، سپریم کورٹ نے ن لیگ کے بلال اظہر کیانی کو انتخاب لڑنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے ن لیگ کے این اے 66 جہلم سے امیدوار بلال اظہر کیانی کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی، ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔ پیر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی کے صاحبزادے بلال اظہر کیانی کی اپیل کی سماعت کی۔

درخواست گزار بلا اظہر کیانی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 7 جون کو دوہری شہریت ترک کر کے 4 دن پہلے ڈیکلیریشن بھیج دی تھی، کاغذات نامزدگی میں واضح کر دیا تھا کہ دوہری شہریت ترک کر دی ہے، اس کے باوجود ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ صرف شہریت چھوڑنے کا کہہ دینا کافی نہیں ہوتا، آپ اپنے ووٹر کو کہتے ہیں کہ آپ پاکستانی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے دوہری شہریت چھوڑ دی تھی، سپریم کورٹ نے ن لیگ کے بلال اظہر کیانی کو این اے 66 سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی اور قرار دیا کہ بلال اظہر کیانی کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلال اظہر کیانی کے کاغذات مسترد کردیے تھے۔