آل پاکستان مسلم لیگ نے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیر 2 جولائی 2018 23:24

گوجرانوالہ۔2 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار این اے 81چوہدری صدیق مہراور امیدوار پی پی 58ایس اے حمید کی حمایت کا اعلان ، مینارٹی ونگ کے مرکزی چیئرمین سائمن جان ،صوبائی نائب صدر چوہدری شوکت منیر اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری ظفراقبال بھنڈر نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار این اے 81چوہدری صدیق مہراور امیدوار پی پی 58ایس اے حمیدکی موجودگی میں اپنی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں جس حلقے میں آل پاکستان مسلم لیگ کا امیدوار نہیں ہو گا اس حلقے میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کی جائے گی ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیدوار این اے 81چوہدری صدیق مہر نے کہاکہ گوجرانوالہ پر برسوںکی اجارہ داری کی سیاست کا خاتمہ قریب ہے،انتخابی مہم گواہ ہے کہ گوجرانوالہ کے گلی محلوں میں تبدیلی آچکی ہے ، لوگ سابق حکمرانوں سے تنگ آئے ہوئے ہیںاور انہیں کسی بھی صورت دوبارہ اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتے ، ن لیگ نے دوپل بنائے اور عوام کے اربوں روپے ڈکار لئے، تحریک انصاف کے نمائندے اقتدار میں آکر شہر میں تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے ، ،امیدوار پی پی 58ایس اے حمید نے کہاکہ ن لیگی حکومت ہر شعبے میں ناکامی سے دوچار ہوئی ہے ، عوام کوڑے کے ڈھیروں سے سخت پریشان ہیں جبکہ شہر کے تین وزیر ناکامی اور بیڈ گورننس کی تصویر بنے بیٹھے رہی2ارب کا بجٹ پیش کرنے والی کارپوریشن نے شہر کو گندگی کا مرکز بنا دیا ،پنجاب میں 56کمپنیاں280ارب روپے کی لوٹ مار میں ملوث رہیں جن پر نیب کیسز چل رہے ہیں ،55لاکھ آبادی کے ضلع میں ایک یونیورسٹی نہیں بنائی گئی ، 25جولائی کو عوام کرپشن ، لوٹ مار اور بدعنوانی کے بت پاش پاش کر دیں گے۔