ٹی ڈی سی پی ملتان کے زیرانتظام ایک ماہ میں پانچ ٹورز آپریٹ کئے گئے ، ٹورازم پروموشن آفیسر

جمعرات 5 جولائی 2018 16:40

ملتان۔5 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب(ٹی ڈی سی پی)ملتان کی بہترین خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے یکم جون سے دوجولائی تک پانچ ٹورز پروگرامز کو ’’آپریٹ‘‘ کیاگیا،ٹورازم پروموشن آفیسر ٹی ڈی سی پی ملتان مصباح اسحق نے اے پی پی کوبتایا کہ گرمی کی وجہ سے زیادہ تر ناران،کاغان، گلگت ،ہنزہ کی طرف ٹوراز پروگرام مانگے جاتے ہیں جبکہ سردیوں میں فورٹ منرو ،چولستان،قلعہ دراوڑ ،لال سوہانرا ،ہیڈ تونسہ اوردیگر جنوبی علاقوں کے ٹورز’’آپریٹ ‘‘ کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ بابوسر،چلاس اور چائنہ بارڈر کی طرف جانے والے بہترین راستوں کی تعمیر کی وجہ سے اب ایک ہی دن ناران سے ہنزہ پہنچاجاسکتا ہے اوردوسرے دن پسو،گل مٹ،عطا آبادجھیل،سوست اورخنجراب ٹاپ سے ہوکراپس ہنزہ آکررات گزاری جاسکتی ہے جبکہ پہلے ایسا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا،ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ ٹی ڈی سی پی ملتان اورد یگر دفاتر سیاحوں کوشمالی علاقوں میں اورراستے کے سیاحتی مقامات کے لیے ہوٹلز کی بکنگ،ٹرانسپورٹ،خوراک کے لوازمات اورڈیمانڈ پرا نٹرٹینمنٹ کی سہولت مہیا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چونکہ یہ پنجاب حکومت کاادارہ ہے اس لیے ہمارا مقصد منافع کمانا نہیں ہوتا بلکہ ہمارا مقصد عوام کو سہولت مہیا کرنا اور لوگوں کوقابل دید مقامات سے روشناس کراناہوتا ہے،ناردرن ایریا میں ہم پاکستان ٹورازم کے ہوٹلز اور سروسز سے استفادہ کرتے ہیں۔