Live Updates

خیبرپختونخوا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 37 میںانتخابات میں کانٹے دارمقابلے کی توقع

جمعہ 6 جولائی 2018 15:20

اسلام آباد ۔06 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2018ء) خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 37 میں آنیوالے انتخابات میں کانٹے دارمقابلے کی توقع ہے جہاں سابق ایم این اے داورخان کنڈی، سابق صوبائی وزیرحبیب اللہ خان کنڈی اورمتحدہ مجلس عمل کے مولانا اسد محمود میدان میں ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئیررہنماء اورسابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے فیصلے کے بعد حلقہ میں دلچسپ صورتحال پیداہوگئی ہے، فیصل کریم کنڈی نے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارکی حمایت کیلئے یہ فیصلہ کیا تھا۔

مولانا اسد محمود جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کے صاحبزادے ہیں۔

(جاری ہے)

ماضی میں یہ حلقہ این اے 25 ٹانک کم ڈی آئی خان پر مشتمل تھا اورحالیہ حلقہ بندیوں کے بعد اسے حلقہ این اے 37کا نام دیا گیاہے۔2013ء کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے جے یوآئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے 77ہزار595 ووٹ حاصل کئے، تحریک انصاف کے امیدوارداورخان کنڈی نے 47 ہزار543، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوارفیصل کریم کنڈی نے 46 ہزار262ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

فروری 2008ء کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوارمولاناعطاالرحمان نے 44 ہزار676 ووٹ لیکرکامیابی حاصل کی جبکہ پیپلزپارٹی کے داورخان کنڈی نے 39 ہزار450 اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارحبیب اللہ خان کنڈی نے 42 ہزار 831 ووٹ حاصل کئے تھے۔ متحدہ مجلس عمل کے امیدوارمولانااسدمحمود نے ’’اے پی پی‘‘ کوبتایا کہ ان کی انتخابی مہم زوروشورسے جاری ہے اورضلع ٹانک کے عوام متحدہ مجلس عمل کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ انہیں علاقہ کے مسائل کااچھی طرح سے علم ہے اورکامیابی کے بعد ان مسائل کے حل کیلئے اپناکرداراداکریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹانک اورڈیرہ اسماعیل خان میں جے یوآئی کو مقبولیت حاصل ہے اورآنیوالے انتخابات میں عوام ایک بارپھر جے یوآئی اورمجلس عمل پراپنے اعتمادکااظہارکریں گے۔ علاقہ کے سیاسی مبصرین کے مطابق اس حلقے میں سابق صوبائی وزیرحبیب اللہ خان کنڈی اوراسد محمود کویکساں مقبولیت حاصل ہے اوردونوں کا مضبوط ووٹ بنک موجود ہے۔ فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد صورتحال خاصی دلچسپ ہوگئی ہے اوریہاں پر کانٹے دارمقابلہ کی توقع ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات