ْحیدرآباد، پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار عوام کے اعتماد پرپورا اُتریں گے،نواب راشد علی خان

منگل 10 جولائی 2018 23:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار عوام کے اعتماد پرپورا اُتریں گے۔ ہم عوام میں سے ہیں آج بھی عوام کے درمیان نہیں، الیکشن کے بعد بھی عوام کے درمیان ہی رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 226 سے نامزد اُمیدوار نواب راشد علی خان اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 65سے نامزد اُمیدوار راحیل قائم خانی نے عوامی رابطہ مہم کے دوران عوامی اجتماع اور کارنر میٹنگزکے دوران کیا۔

اس موقع پر ضلعی صدر ندیم قاضی، سید فاروق مشتاق ، کامران خانزادہ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجو دتھے۔ نواب راشد علی خان نے کہاکہ ماضی گواہ ہے کہ جب بھی عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم نے شہر کی خدمت کی ہے۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 65 کے امیدوار راحیل قائم خانی نے کہاکہ حیدرآباد شہر طویل عرصے سے تباہی کا شکار ہے، ہم حیدرآباد کو پیرس اور نیویارک بنانے کی بات نہیں کرتے ہم اس کی عظمت رفتہ لوٹانے کا وعدہ کرتے ہیں، ہم حیدرآباد کو وہی حیدرآباد بنانے کا وعدہ کرتے ہیں جس کی مثالیں یورپ میںدی جاتی تھیں، ندیم قاضی نے کہاکہ کون سا شعبہ ہے جس میں حیدرآباد کی حالت بہتر پر ہر شعبے کی تباہی دوسرے سے بڑھ کر ہے۔

(جاری ہے)

سید فاروق مشتاق نے کہاکہ پی ایس پی کے امیدوار باہر سے درآمد شدہ نہیں ہیں، سارے امیدوار حیدرآبادسے ہی تعلق رکھتے ہیں اور حیدرآباد کے عوام کے درمیان بھی موجود رہتے ہیں ، کسی بھی معاملے پر ان تک رسائی ناممکن نہیں ہے، پی ایس پی کے دفاتر کے دروازے ہر ایک کیلئے 24گھنٹے کھلے ہیں۔