لاڑکانہ، گائوں ننگر عمرانی کے معززین کی جانب سے مجلس عمل کے امیدواروں کے لئے ظہرانے کا اہتمام

کھوکھلے نعروں میں آنے کے بجائے عوامی خدمت سے سرشار امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے، امیدوار متحدہ مجلس عمل

منگل 10 جولائی 2018 23:46

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) لاڑکانہ کے قریب گاؤں ننگر عمرانی نے معزز نائب حسین عمرانی کی جانب سے متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر، جمیعت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل اور این اے 200 پر بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ کرنے والے مولانا راشد خالد محمود سومرو، جی ڈی اے کی پی ایس 11 پر امیدوار معظم علی عباسی، پی ایس 12 کے امیدوار سید اکبر حسین شاہ راشدی اور این اے 201 پر جی ڈی اے امیدوار اللہ بخش انڑ کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں عمرانی اور بروہی برادری کی جانب سے تمام امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیدواروں نے کہا کہ جنہوں نے دس سال عوامی دولت لوٹ کر اپنے لیے محلات اور بنگلے تعمیر کروائے اب وہی چہرے الیکشن میں حصہ لے کر ووٹ مانگ رہے ہیں جو گذشتہ دس سالوں سے عوام کا استحصال کرتے رہے لیکن لاڑکانہ ضلع کے عوام باشعور ہیں ان کے کھوکھلے نعروں میں آنے کے بجائے عوامی خدمت سے سرشار امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات پیپلز پارٹی کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ اس موقع پر نائب حسین عمرانی نے تمام امیدواروں کو اجرک کے تحائف بھی پیش کیے۔