حلقہ این اے 59میں راجہ قمر الاسلام ،غلام سرور خان اورچوہدری نثار علی خان میں کانٹے دار مقابلہ متوقع

مجموعی ووٹرزکی تعداد 3,57199،پولنگ اسٹیشنز299،پولنگ بوتھ 715، پولنگ آفیسرز 751،اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز 1502، پریذائیڈنگ آفیسرز 314 ہیں

بدھ 11 جولائی 2018 18:31

حلقہ این اے 59میں راجہ قمر الاسلام ،غلام سرور خان اورچوہدری نثار علی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ قمر الاسلام ،پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور خان اور آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے تاھم مقبولیت کے لحاظ سے شہریوں نے آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان کو اول ،پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور خان کو دوسرے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ قمر الاسلام کو مقبولیت کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ٹھہرایا ہے ۔

’’اے پی پی‘‘ کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 3,57199ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 1,88,374 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1,68,825ہے ۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59میں تحصیل راولپنڈی حلقہ قانون گو کے علاقے ادھوال،بندہ ،بسالی ،چکری ،گورکھ پور ،سہالہ اور راولپنڈی جبکہ چکلالہ قانون گو حلقہ کے پٹوار سرکل کے علاقے جراہی ،مورگاہ ،ٹوپی ،لکھن I،لکھن II،کوٹھہ کلاں ،دھمیال اور دھاماں سیداں شامل ہیں ۔

قومی خبررساں ایجنسی کو ووٹرز سے حاصل کردہ رائے میں دستیاب معلومات کے مطابق پسند ،ناپسند ،آبائی حلقہ سے تعلق اور پارٹی پوزیشن کی مضبوطی کے پیش نظر اس حلقہ میں سب سے زیادہ کانٹے دار مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارراجہ قمر الاسلام ، سابق وفاقی وزیر داخلہ آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارغلام سرور کے مابین ہے تاھم بیشتر شہریوں کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کا آبائی حلقہ ہونے کی بدولت پارٹی وابستگی سے ہٹ کر علاقائی سطح پر ان کی مقبولیت زیادہ ہے ۔

ووٹرز کی رائے کے مطابق حلقہ میں مقبولیت کے دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور خان ہیں تاھم شہریوں کی رائے میں انہیں غلام سرور خان کی پارٹی وابستگی سے غرض ہے نہ کہ ان کی شخصیت اور کارکردگی سے ۔مقبولیت کے تیسرے نمبر پرٹھہرنے والے امیدوار راجہ قمر الاسلام کو اس حلقہ کے بیشتر علاقوں سے محض پارٹی وابستگی کی بنیاد پر پسندیدہ ٹھہرایا جا رہاہے جبکہ زیرحراست ہونے کی وجہ سے ان کے بیٹے سالار اسلام اور مروہ اسلام کی جانب سے جاری انتخابی مہم کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہاہے ۔

’’اے پی پی‘‘ کو ریجنل ا لیکشن کمیشن راولپنڈی سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق حلقہ این اے 59میں مجموعی طور پر 10امیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں سے پی ٹی آئی کے ایک امیدوار اجمل صابر راجہ نے پی ٹی آئی کے ہی امیدوار غلام سرور خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد دیگر امیدواروں میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے کزن چوہدری کامران علی خان (پیپلز پارٹی )،صفدر علی خان (آزاد )طارق بشیر راجہ (آزاد )محمد امین خان (آزاد )ملک محمد تاج (تحریک لبیک پاکستان )اور مولانا عبدالغفار غفاری توحیدی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہیں ۔

’’اے پی پی‘‘ کو ریجنل الیکشن کمیشن کی جانب سے موصولہ حتمی پولنگ اسکیم کے مطابق حلقہ این اے 59میں مجموعی پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 299ہے جس میں سے 69مردحضرات کے ،68خواتین کے جبکہ 162مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے ۔اس حلقہ میں مجموعی پولنگ بوتھ کی تعداد 715ہے جن میں سے 372مردحضرات کے جبکہ 347خواتین کے ہیں ۔اس حلقہ میں مجموعی پولنگ آفیسرز کی تعداد 751،اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز 1502جبکہ پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعداد 314ہے ۔