پشاور بم دھماکہ الیکشن 2018 کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے جسے عوام اپنے اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنادیں گے ، چیئر مین آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز

بدھ 11 جولائی 2018 23:40

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ پشاور بم دھماکہ الیکشن 2018 کو ثبوتاژ کرنے کی سازش ہے جسے عوام اپنے اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنادیں گے۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرنے کیلئے منعقدہ تاجر تنظیموں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس میں تاجر رہنمائوں اور دکانداروں نے شرکت کی ۔ حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدوار کے جلوس پر خودکش حملہ دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے جس میں امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوئے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان کی فوج ، سیکورٹی اداروں اور عوام کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے ۔

دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کار فرما ہے اس سازش کو تاجر اور پاکستانی عوام مل کر ناکام بنادیں گے۔ افواج پاکستان اور سیکورٹی ادروں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج کے افسران و جوانوں نے دہشتگردی کیخلاف ہونیوالے آپریشن ضرب عضب ،آپریشن رد الفساد اور دیگر کارروائیوں میں دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا اور ملک میں امن ، دفاع اور استحکام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں جسے قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور شہدائے پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے پشاور خودکش بم دھماکے میں شہید ہونیوالے امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد کے شہداء کے ورثاء سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور شہیدوں کیلئے دعا مانگی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔