الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر قلات قیصر ناصر

جمعرات 12 جولائی 2018 20:49

کوئٹہ۔12جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر قلات قیصر ناصر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا اور ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی- انکا کہنا تھا کہ کسی بھی امیدوار یا سیاسی پارٹی سے امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے "الیکشن 2018 ضابطہ اخلاق" کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی وال چاکنگ ، بینر، پوسٹر، پینافلیکس وغیرہ کو شہر بھر میں ہٹا دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں سیاسی رہنمائ اپنے کارکنوں کو الیکشن کمیشن کے ضا بطہ اخلاق کا پابند کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی بی 37 اور این اے 267 کے تمام آزاد و سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات قیصر ناصر نے امیدواروں کو یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے دوران بلا امتیاز کاروائی کی جائیگی اور کسی بھی امیدوار یا جماعت سے ناروا سلوک نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام امیداروں کی معاونت کے خواہشمند ہیں اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلیے کوشاں ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت کارنر مٹینگ یا علاقے میں الیکشن مہم یا ریلی کے انعقاد سے قبل ضلعی انتظا میہ کو آگاہ کرے تاکہ انکی سیکیو رٹی کا انتظام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دن اسلحہ کی نمائش اور نعرہ بازی پر مکمل پابندی ہوگی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام امیدواران اس حوالے سے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرینگے ۔انہوں نے الیکشن مہم کے دوران کچھ امیداروں کی طرف سے درج شکایات اور تحفظات دور کرانیکی یقین دہانی بھی کرائی۔