Live Updates

نواز شریف کے استقبال کو حج سے بڑاکام کہنےپر رانا ثنا اللہ کے خلاف فتویٰ آ گیا

رانا ثنا اللہ نے بیان دے کر اسلام کا مذاق اڑایا ہے ،راناثنا اللہ کا بیان کسی صورت قابل معافی نہیں،مفتی نعیم

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 13 جولائی 2018 19:40

نواز شریف کے استقبال کو حج سے بڑاکام کہنےپر رانا ثنا اللہ کے خلاف فتویٰ ..
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی 2018ء) :نواز شریف کے استقبال کو حج سے بڑاکام کہنےپر رانا ثنا اللہ کے خلاف فتویٰ آ گیا۔جامعہ بنوریہ کے سربراہ مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے بیان دے کر اسلام کا مذاق اڑایا ہے ،راناثنا اللہ کا بیان کسی صورت قابل معافی نہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف گزشتہ شب 12 بج کر 45 منٹ سے اتحاد ائیرویز کی پرواز ای وائے 18کے ذریعے ہیتھرو ائیرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے ،انکا طیارہ آج صبح ابوظہبی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو ابوظہبی میں 7 گھنٹے قیام کرنا تھا تاہم اتحاد ائیرویز کی پرواز تاخیر کا شکار ہونے کے باعث انہیں ابوظہبی ائیرپورٹ پر قیام بڑھانا پڑا۔

(جاری ہے)

تازہ ترین خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کچھ دیر پہلے ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔اس موقع پر انکی صاحبزادی مریم نواز بھی انکے ہمراہ تھیں۔

اتحاد ائیرویز کی پرواز رات 8 بج کر 58 منٹ پر لاہور پہنچے گی ۔اس موقع پر قومی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی پرواز میں انکے ہمراہ تھے۔دوسری جانب ملک بھر سے لیگی کارکنان کے قافلے نواز شریف کی استقبال کے لیے لاہور پہنچ رہے ہیں جہاں انکو نگران حکومت کیجانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے تاہم کارکنان اپنے لیڈر کے استقبال کے لیے ہر رکاوٹ توڑ رہے ہیں ۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کارکنان ملک بھر سے استقبال کے لیے آرہے ہیں،نگران حکومت نے ریلی کو نہ روکنے کا وعدہ کیا تھا اور اب وہ اپنے وعدے سے مکر گئے۔انکا کہنا تھا کہ کارکنان کو روکنے کے لیے کنٹینرز لگائے گئے لیکن کارکنان پیدل چل پڑے ہیں۔اس موقع انہوں نے نواز شریف کی وفاداری میں ہر حد پارکردی۔ نواز شریف کا استقبال حج سے بڑا کام ہے۔

اس بیان پر علما اور عوام کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کا بیان ناجائز اور حرام ہے۔انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کے استقبال کو حج سے ملانا جاہلیت کی نشانی ہے۔مفتی زبیر کا مزید کہنا تھا کہ میں رانا ثنا اللہ کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔دوسری جانب جامعہ بنوریہ کراچی کے سربراہ مفتی نعیم نے رانا ثنا اللہ کے خلاف فتویٰ جاری کرتے ہوئے انکے عمل کو ناقابل معافی قرار دے دیا۔جامعہ بنوریہ کے سربراہ مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے بیان دے کر اسلام کا مذاق اڑایا ہے ،راناثنا اللہ کا بیان کسی صورت قابل معافی نہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات