اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت

ہفتہ 14 جولائی 2018 18:41

اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی بلوچستان کے علاقے مستونگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحیدنے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کی جس میں بلوچستان کی مشہور سیاسی شخصیت سراج رئیسانی سمیت تقریباً 128افراد شہید ہوئے اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے۔اپنے ایک بیان میںانہوںنے سوگواران کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اصلاحی اقدامات اٹھائے ۔

انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات سے ملک میں سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ افواج پاکستان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی انتھک کاوشوں سے ملک میں دہشت گردی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا تھا تاہم پچھلے دنوں میں پشاور میں خودکش حملہ میں اے این پی کے رہنما ہارون بلور سمیت 22افراد شہید ہوئے جبکہ بنوں میں دہشت گردی کی واردا ت میں چار افراد شہید ہوئے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ابھی تک ملک سے دہشت گردی کے مکمل صفایا کے لئے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ بہت ضروری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ 17سالوں میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 126ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ مسئلہ پاکستان کیلئے کتنا نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ انہوںنے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ملک کی تاجر برادری ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے اور امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کی کوششوں میں افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی کیونکہ صنعت وتجارت کے بہتر فروغ اور سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے پرامن ماحول کا قیام بنیادی شرط ہے۔