الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور سکیورٹی حالات کے تناظر میں ڈویژنل کمشنر احسن علی منگی اور ڈی آئی جی سلطان خواجہ کی زیرصدارت اجلاس

پیر 16 جولائی 2018 22:13

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور سکیورٹی حالات کے تناظر ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے اور موجودہ سیکیورٹی حالات کے تناظر میںڈویژنل کمشنر حیدرآباد احسن علی منگی اور ڈی آئی جی حیدرآبادسلطان خواجہ نے ایک اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدکیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سمیت سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنرحیدرآباد احسن علی منگی نے کہا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد انتخابی مہم کے دوران اور الیکشن کے دن امن و امان برقرار رکھنا انتظامیہ اور ہمارے سیکیورٹی اداروں کے اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے آپ تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں مگر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلاامتیازکارروائیاں جاری رہیں گی اور اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 250 سے زائد شو کاز نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد سلطان خواجہ نے اجلاس کو بتایا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرکے ہی عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بتایا کہ حالیہ دہشتگردی کی لہر کے بعد ہمارے حساس اداروں اور پولیس کے پاس دہشتگردی سے متعلق خطرات کی اطلاعات ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں کارنر میٹنگ اور ریلی کی پیشگی اجازت لیں تاکہ سیکیورٹی ادارے اپنا کام کرسکیں اور کارنر میٹنگ یا ریلی کے دوران اپنے پارٹی کے رضاکار کارکنان سے مشکوک اور غیر متعلقہ افراد کی تلاشی اور ان پر نظر رکھنے کا کہا جائے جبکہ کارنر میٹنگ یا ریلی کا سیکیورٹی پلان متعلقہ ڈی ایس پی کی مدد سے تیار کیا جائے جس سے سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کرنے میں مدد ملے گی ڈی آئی جی حیدرآباد نے مزید کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ عام انتخابا ت 2018 کے انعقاد کو مکمل طورپر پر امن بنایا جائے اس کے لیے ہم نے پلان تشکیل دیا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے 10-10 کارکنان کو سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت مہیاکی جائے اس ضمن میں ہم 18 جولائی کو ایک سیشن منعقد کررہے ہیں جس کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اپنے لیٹر پیڈ پرتربیت کے لیے نامزد کردہ ورکرز کے نام دیں جنہیں سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت دی جائے گی - انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے درخواست کی کہ حالات کے تحت چوکنا رہتے ہوئے ملک دشمن عناصراورمشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے متعلق فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔