سیکرٹری ،چیئرمین ریلویز محمدجاویدانور نے ریلوے والٹن اکیڈیمی میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

منگل 17 جولائی 2018 18:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) سیکرٹری /چیئرمین ریلویز محمدجاویدانور نے ریلوے والٹن اکیڈیمی میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر، ایڈیشنل جنرل ٹریفک عبدالحمید رازی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل اعجاز احمد بروڑو، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹرمحمد سعید اور ڈی جی والٹن سعید خان بھی ہمراہ تھے۔

والٹن اکیڈیمی میں شجرکاری مہم کے دوران چیئرمین ریلویز محمدجاوید انور نے ایلیسٹونیاکا پودا لگایا اور کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ لگائے جانے والے پودے تناور درخت بنیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو بہترین فضا اور ماحول فراہم کریں۔ اس موقع پر موجود تمام افسران نے بھی ایک ایک پودا لگایا۔

(جاری ہے)

ریلوے اراضی میں پودے لگانا اور ان کی نگہداشت کے حوالے سے چیئرمین ریلوے نے ہدایت کی کہ ریلوے کی تمام ڈویژنوں میں زیادہ سے زیادہ سایہ داراور روایتی درخت لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیا جا سکے۔

انہوں نے شیشم کے پودوں کی خاص نگہداشت کی ہدایت بھی دی۔والٹن اکیڈیمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ریلویز محمدجاوید انورنے کہا کہ ریلوے افسران کو ٹیکنیکل تربیت دینے کے حوالے سے اس اکیڈمی کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے آنے والے وقت میں اس کا تکنیکی و تربیتی دائرہ کار مزید وسیع ہوگا۔ یہ ہم سب کی تربیت گاہ رہی ہے یہاں آنا ہمیشہ خوشی و طمانیت دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :