25جولائی کو ملکی سیاست سے (ن) لیگ کا بوری بستر گول ہو نے والا ہے‘اعجاز احمد چوہدری

این اے 133سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ، عوام بہتر مستقبل کیلئے تحریک انصا ف کا ساتھ دیں

منگل 17 جولائی 2018 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما و امیدوار این اے 133اعجازاحمد چوہدری کی پی پی 166,167سے امیدوار عبدالکریم کلواڑ اورنذیر احمد چوہان کے ہمراہ حلقے میں انتخابی مہم جاری ، اہل علاقہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیاگیا ، اسماعیل نگر مین بازار میںدکان داروں سے ملاقات ووٹ مانگے ، تاجر برادری نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلا ن کر دیا، جوہر ٹائون ، گرین ٹائون ، ٹائون شپ، قنچی امرسدھو ، چونگی امرسدھو میں جلسے سے خطاب او ر درجنوں انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر اعجاز چوہدری نے جلسوں اور دفاتر کے افتتاح پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ 25جولائی کو ملکی سیاست سے (ن) لیگ کا بوری بستر گول ہو نے والا ہے، این اے 133سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ، 25جولائی کا الیکشن صر ف ایک الیکشن نہیں ہے بلکہ کرپٹ شریف خاندان اور کرپٹ نظا م کیخلاف کھلی جنگ ہے ، پی ٹی آئی کے ورکرز گھرگھر جا کر الیکشن مہم جاری رکھے ہوئے ہیں حلقے کی عوام اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تحریک انصا ف کا ساتھ دیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نااہل ، چور اور کرپٹ شریف برادران حلقے کی باشعور عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے ،این اے 133کی عوام کے ساتھ نواز شریف نے ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے ، حلقہ محرومیوں کا شکا ر ہے جگہ جگہ کچرے کی ڈھیر لگے ہیں،حلقے لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ شریف فیملی کے بچوں کے لیے پینے کا پانی باہر سے آتارہا ، (ن) لیگ نااہل لیگ کے بعد ناکام لیگ بن چکی ہے ،اس حلقے کے ایم این اے اور ایم پی اے جیتنے کے بعد کبھی حلقے میں نہیں آئے اور عوام کو بے یارومدگار چھوڑدیا گیا۔

ً انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں بری طرح فیل ہو چکی ہے (ن) لیگ نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے ، حلقہ کی عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کا احتساب کرے گے اور انشاء اللہ پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔